ملتان: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ میچ صورتحال اور پلان کے مطابق کھیلتے ہیں جبکہ کوشش ہوتی ہے شکست کے بعد پریشر نہ لیں، لوگ کیا کہتے ہیں مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا، ٹیم کو جتوانے پر فوکس ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں ایک دو تبدیلیوں کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے اور پچ کے حوالے سے دوپہر کے وقت ٹھیک سے پتہ چلتا ہے، ایک میچ کی وجہ سے پوری پلاننگ تبدیل نہیں کرسکتے کیونکہ ہم میچ صورتحال اور پلان کے مطابق کھیلتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے فاسٹ باؤلرز کے کمبینیشن پر فوکس کریں گے اور کوشش ہوتی ہے کہ شکست کے بعد پریشر نہ لیں، اظہر علی کے مستقبل سے متعلق یہاں بیٹھ کر فیصلہ نہیں کر سکتے۔
بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ٹیسٹ میچ کے ہر سیشن میں گیم تبدیل ہوتی ہے جبکہ ٹوٹل رنز اور اس کا تعاقب کیسے ہوگا کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے اور میچ میں رہ جانے والی چیزوں پر فوکس کر رہے ہیں، کوشش ہوتی ہے تمام کھلاڑی کرکٹ سے محظوظ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ میرا کام ٹیم کو جتوانا ہوتا ہے اور ہم نے کارکردگی دینی ہوتی ہے، اگر دھند ہوئی تو راولپنڈی کی طرح کچھ اوورز اوپر نیچے ہوسکتے ہیں، بطور کپتان ہر چیز کی پلاننگ کرتا ہوں اور کوئی پریشر نہیں لیتا ہوں، کسی کو دکھانا نہیں ہوتا کہ میں کیا کرتا ہوں، جو میرا بیسٹ ہے وہ کرنے کی کوشش ہوتی ہے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ انگلینڈ ٹیم ایک نیا طریقہ لے کر آئی ہے ، اس کے مطابق کھیلتی ہے، ہم ایک میچ کے بعد اپنا اسٹائل تبدیل نہیں کر سکتے، یہ وقت کے ساتھ ہوتا ہے، ہم صورتحال کے مطابق ضرور کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔