ملتان: (ویب ڈیسک) سرزمین اولیاء ملتان میں پاکستان انگلینڈ کے درمیان ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران 143 تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
پولیس کے مطابق میچ کے دوران صبح 7 سے شام 4 بجے تک بوسن روڈ ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند ہوگی، بوسن روڈ پر زکریا یونیورسٹی سمیت 143 تعلیمی ادارے بند رہیں گے، ان تعلیمی اداروں میں ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کردئیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بوسن روڈ پر موجود تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بھی بند رہیں گی، ضلعی انتظامیہ ابدالی روڈ اور ڈیرہ اڈا روڈ 7 دن کیلئے پہلے ہی بند کر چکی ہے۔
محکمہ تعلیم کے حکام کا کہنا ہے کہ بوسن روڈ بند ہونے سے 16 کالج، 4 یونیورسٹیز اور 123 سکولز بند ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 9 دسمبر سے شروع ہو گا جبکہ انگلینڈ کو 3 میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔