لاہور: ( ویب ڈیسک ) پاکستان کے کپتان بابر اعظم تازہ ترین آئی سی سی ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں ایک درجہ ترقی کرکے تیسری پوزیشن پر پہنچ گئے۔
خیال رہے کہ بابر اعظم نے حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں میچ وننگ ففٹی بنائی۔ تاہم ان کا ٹورنامنٹ کا آغاز اچھا نہیں تھا کیونکہ ایونٹ کے سپر 12 مرحلے میں صرف 39 رنز بنائے، جس کی وجہ سے شائقین اور کئی پنڈتوں نے ان کی مایوس کن کارکردگی پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔
وہ فائنل میں 32 رنز بنانے میں کامیاب رہے جبکہ پاکستان انگلینڈ کو ٹائٹل جیتنے سے روکنے میں ناکام رہا۔
اب آئی سی سی نے تازہ ترین ٹی 20 پلیئرز رینکنگ جاری کی ہے جس کے مطابق بھارتی بیٹر سوریا کمار یادیو 859 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی، محمد رضوان 836 کے ساتھ دوسری، بابر اعظم 778 کے ساتھی چوتھی، ڈیوون کونوے چوتھی، ایڈن مارکرم پانچویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔
انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان چھٹی، رائیلی روسو ساتویں، گلین فلپس آٹھویں، ایرون فنچ نویں جبکہ سری لنکا کے پاتھم نیسانکا دسویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ بھارت کے ویرات کوہلی کی تنزلی ہوگئی ہے۔
باؤلرز میں سری لنکا کے وانندو ہاسارنگا نے راشد خان سے پہلی پوزیشن چھین لی جبکہ بنگلا دیش کے شکیب الحسن آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں حکمرانی کے تخت پر براجمان ہیں۔