ٹی 20 ورلڈ کپ: انگلینڈ کی وارم اپ میچ میں پاکستان کو 6 وکٹ سے شکست

Published On 17 October,2022 04:56 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کو اپنے پہلے وارم اپ میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 6 وکٹ کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

برسبین میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین میگا ایونٹ کا وارم اپ میچ کھیلا گیا۔

پاکستان اننگز

بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستان نے 19 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 160 رنز بنائے، بابر اعظم نے اس میچ میں آرام کیا اور ان کی جگہ شاداب خان نے کپتانی کے فرائض انجام دیئے، شان مسعود نے اوپننگ کرتے ہوئے 7 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 39 رنز بنائے، حیدر علی نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔

شاداب خان نے 14، افتخار احمد نے 22، خوشدل شاہ نے صفر، آصف علی نے 14، محمد نواز نے 10، محمد وسیم جونیئر نے 26 رنز بنائے، نسیم شاہ 2 اور حارث رؤف ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ڈیوڈ ویلے نے 2 جبکہ بین سٹوکس، سیم کرن، کرس جورڈن اور معین علی نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔

انگلینڈ اننگز

161 رنز ہدف کا انگلش ٹیم نے آسانی سے 4 وکٹ کے نقصان پر 14 اعشاریہ 4 اوورز میں حاصل کرلیا، ہیری بروک نے 45 اور سیم کرن نے 33 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، فل سالٹ 1، الیکس ہیلز 9، بین سٹوکس 36 اور لیام لیونگسٹون 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 2، نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔