ایشیا کپ، نسیم شاہ کے 2 چھکے، افغانستان کو شکست، شاہینوں نے فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا

Published On 07 September,2022 06:23 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے میں اعصاب شکن میچ میں پاکستان نے افغانستان کے ارمانوں پر پانی پھیرتے ہوئے ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا۔ سنسنی خیز مقابلے میں قومی ٹیم کے باؤلر نسیم شاہ نے آخری اوور کی پہلی دو گیندوں پر چھکے لگا کر بازی پلٹ دی۔

ٹاس

شارجہ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے دسویں میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم کے قائد بابر اعظم  جبکہ افغانستان کے کپتان محمد نبی تھے۔

پاکستان اننگز

قومی ٹیم کی جانب سے 130 رنز ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ افغانستان کے فضل حق فاروقی نے پہلا اوور کرایا۔

کپتان بابر اعظم ایک مرتبہ پھر انتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرسکے اور بغیر کوئی رن بنائے پہلے ہی اوور میں ایل بی ڈبلیو آؤٹ  ہونے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ فخر زمان بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 5 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ 

وکٹ کیپر محمد رضوان نے 26 گیندوں پر 20 سکور بنائے اور راشد خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے، پاکستان کی جانب سے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی افتخار احمد تھے جو کہ 2 چوکوں کی مدد سے 33 گیندوں پر 30 رنز بناکر فرید احمد کی گیند پر ابراہیم زدران کو کیچ دے بیٹھے۔ 

سنسنی خیز مقابلے میں آصف علی 16، خوشدل شاہ ایک اور حارث رؤف صفر پر آؤٹ ہوئے، قومی ٹیم کی جانب سے نسیم شاہ نے یقینی شکست کو آخری اوور کی پہلی دو گیندوں پر مسلسل  2 چھکے لگا کر فتح میں بدل دیا، انہوں نے 2 چھکوں کی مدد سے 4 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔

شکست خوردہ ٹیم کی طرف سے فضل حق فاروقی اور فرید احمد نے 3،3 جبکہ راشد خان نے 2 وکٹ حاصل کیں۔

اس طرح پاکستان نے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں افغانستان کو 19 اعشاریہ 2 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 131 رنز بناکر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ 

نسیم شاہ کے فاتحانہ چھکے  

افغانستان اننگز

 شارجہ میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیتا اور افغانستان کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

افغانستان کے دونوں اوپنرز نے قومی باؤلرز کے خلاف پراعتماد آغاز کیا اور شروع میں محتاط انداز اپنایا تاہم محمد حسنین کے اوور میں رحمٰن اللہ گرباز نے مسلسل دو چھکے لگا کر اسکور 20 رنز تک پہنچایا۔

حارث رؤف چوتھا اوور کرنے آئے تاہم تیسری گیند پر نسیم شاہ نے باؤنڈری پر ایک آسان کیچ ڈراپ کرتے ہوئے حضرت اللہ زازئی کو قیمتی موقع دیا۔ حارث نے پانچویں گیند پر حریف ٹیم کو زبردست دھچکا پہنچایا اور رحمٰن اللہ گرباز کی وکٹیں اڑا دیں۔ انہوں نے حسنین کے اوور میں لگائے 2 چھکوں کی مدد سے 11 گیندوں پر 17 رنز بنائے تھے۔

حسنین دوسرے اوور میں بھی مشکلات کا شکار نظر آئے جہاں انہیں ایک وائیڈ بال کے علاوہ ایک چھکا بھی برداشت کرنا پڑا تاہم پانچویں گیند پر حضرت اللہ زازئی کو کلین بولڈ کرتے ہوئے حساب برابر کردیا۔ نجیب اللہ زدران نے شاداب خان کو 14 ویں اوور میں ایک بلند وبالا چھکا لگا کر خطرناک عزائم دکھائے لیکن لیگ اسپنر نے ان کو کھلی چھٹی نہیں دی اور آخری گیند پر فخر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ محمد نبی کی وکٹیں نسیم شاہ نے اڑائیں، وہ صفر پر آؤٹ ہوئے اس وقت افغان ٹیم کا سکور 91 رنز تھا۔

ابراہیم زدران نے مشکل میں گری افغان ٹیم کی نیا پار لگانے کی بھرپور کوشش کی لیکن حارث رؤف نے ان کی اننگز 35 رنز تک محدود کردی، جس کے لیے انہوں نے 37 گیندوں کاسامنا کیا۔ زدران کی 37 گیندوں پر مشتمل 35 رنز کی اننگز میں 2 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

راشد خان نے آخری اوور میں حارث رؤف کی پہلی دو گیندوں پر کوئی رن نہیں بنایا تاہم تیسری گیند پر خوبصورت شاٹ کھیلتےہوئے چھکا لگایا اور اگلی گیند پر چوکا مارا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ افغانستان نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔ راشد خان اور عظمت اللہ عمر زئی بالترتیب 18 اور 10 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ حارث رؤف نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دیگر باؤلرز کو ایک،ایک وکٹ ملی۔ 

 پاکستان پلیئنگ الیون  

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، فخر زمان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، آصف علی، شاداب خان، محمد نواز، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین شامل تھے۔

افغانستان پلیئنگ الیون 

افغانستان: محمد نبی(کپتان)، حضرت اللہ زازئی، رحمٰن اللہ گرباز(وکٹ کیپر)، ابراہیم زدران نجیب اللہ زدران، کریم جنت، راشد خان، عظمت اللہ عمرزئی، نوین الحق، مجیب الرحمٰن، فضل حق فاروقی شامل تھے۔

مین آف دی میچ

ایک وکٹ لینے اور 36 رنز کی اننگز کھیلنے پر نائب کپتان شاداب خان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے شاداب خان نے لکھا کہ جاوید بھائی اور شاہد بھائی کے چھکوں کے بعد سب کو نسیم شاہ کے چھکے یاد رہیں گے، کبھی امید نہ ہارو، جیت کے باوجود ہم نے اپنی غلطیوں کے بارے محسوس کیا ہے اور ہم ان پر قابو پانے پر کام کریں گے۔ 

خیال رہے کہ قومی ٹیم اور سری لنکا فائنل کے لئے کوالیفائی کرچکے ہیں اور دونوں ٹیموں کے مابین فیصلہ کن میچ 11 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔