گال:(ویب ڈیسک) پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے جیت کے لئے 508 رنز کا ہدف دے دیا، قومی ٹیم نے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک 1 وکٹ کے نقصان پر 89 سکور بنالئے۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز امام الحق اور عبداللہ شفیق نے کیا ، تاہم عبداللہ شفیق زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے اور صرف 16 رنز بناکر جے سوریا کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
امام الحق 46 اور کپتان بابر اعظم 26 سکور بناکر وکٹ پر موجود ہیں جبکہ کم روشنی کے باعث چوتھے روز کا کھیل جلد ختم کر دیا گیا۔
سری لنکا نے گال میں جاری دوسرے اور آخری ٹیسٹ کی دوسری اننگز 360 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کے لیے 508 رنز کا ہدف دیا۔
چوتھے روز سری لنکا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 176 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو دمتھ کرونا رتنے 27 اور دننجیا ڈی سلوا 30 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
دونوں بلے بازوں نے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا اور کرونا رتنے 61 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر عبد اللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے جبکہ ڈونتھ ویلا لگے 18 رنز بنا کر محمد نواز کاشکار بنے۔
دوسری جانب ڈی سلوا نے بہترین بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور شاندار سنچری مکمل کی، ڈی سلوا 109 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے تو کپتان کرونا رتنے نے 360 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی اور پاکستان کو جیت کے لیے 508 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور محمد نواز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ یاسر شاہ، نعمان علی اور آغا سلمان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔