لاہور: (دنیا نیوز) ویمنز کرکٹ فیوچر ٹور پروگرام میں پاکستان عالمی ایونٹس کی میزبانی حاصل نہ کر سکا۔
برمنگھم میں ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں کئی اہم فیصلے سامنے آئے، ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ 2024بنگلہ دیش میں ہوگا، 2025 کے میگا ایونٹ کی میزبانی بھارت کے سپرد کردی گئی ہے۔
ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ 2026 کا انعقاد انگلینڈ میں ہوگا، پہلی ویمنز ٹی 20 چیمپئنز ٹرافی سری لنکن ٹیم کے کوالیفائی کرنے پر 2026 میں سری لنکا ورنہ کسی اور ملک میں ہوگی، حیران کن طور پر پاکستان کسی ایونٹ کی میزبانی نہ پا سکا۔
موجودہ فیوچر ٹور پروگرام میں شامل ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کی میزبانی لارڈز کے تاریخی میدان کو سونپ دی گئی، 2025 میں ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل کا میزبان بھی لارڈز ہوگا، آئی سی سی بورڈ نے 2023 سے 2027 کے مینز اور ویمنز فیوچر ٹور پروگرام کی منظوری دیدی، شیڈول آئندہ چند روز میں جاری ہوگا۔
آئی سی سی مینز کرکٹ کمیٹی میں ڈینئیل ویٹوری اور وینکٹ لکشمن کو شامل کر لیا گیا، راجر ہار پر اور مہیلا جے وردنے سابق کرکٹرز کی نمائندگی کیلئے موجود ہونگے، آئی سی سی چیئرمین کے الیکشن رواں سال نومبر میں ہوں گے۔