ٹم ڈیوڈ اور ڈیوڈ ویلی نے دین اسلام کے بارے میں متعدد سوالات کیے: محمد رضوان

Published On 01 March,2022 08:33 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے دوران ملتان سلطانز کے غیر ملکی کھلاڑی ٹم ڈیوڈ اور ڈیوڈ ویلی نے مجھ سے دین اسلام کے بارے میں متعدد سوالات کیے۔

برطانوی میڈیا انڈپینڈنٹ اردو کے پروگرام ’انڈی کی گوگلی‘ میں سابق لیگ سپنر اور کوچ مشتاق احمد سے بات کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہماری کرکٹ ٹیم کے بارے میں مثبت سوچیں اور اگر کسی بڑے سٹیج پر ہوں تو سوچیں یہ چوکا مارے گا، سو کرے گا، 50 کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: رضوان کا بطور تحفہ دیا گیا قرآن مجید ترجمہ کیساتھ پڑھ رہا ہوں:میتھیو ہیڈن

ان کا مزید کہنا تھا کہ باؤلرز کے بارے میں بھی نہ ڈریں کیوں کہ ہمارے بہت بہادر باؤلر ہیں ان کے بارے میں یہ سوچنا ہے کہ یہ ابھی آؤٹ کرے گا۔

کرکٹ کیریئر کے دوران مشکل ترین بولرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں ہردور میں مختلف باؤلر مشکل لگے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے دوران ذوالفقار بابر اور احسان عادل مشکل لگے، پھر انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلے بنگلا دیش کے شکیب الحسن کو کھیلنا مشکل لگا۔

محمد رضوان نے آسٹریلوی تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ کو مشکل باؤلر قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: محمد رضوان نے میتھیو ہیڈن کو قرآن پاک تحفے میں دینے کی وجہ بتا دی

مشتاق احمد سے بات کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ نمبر ون بننے کے لیے قربانی لازمی ہے۔ مکینک ہو، جنرل سٹور ہو یا سبزی والا۔ قربانی کے بغیر کوئی بھی نمبر ون نہیں ہو سکتا۔