لاہور: (دنیا نیوز) بھارتی لیگ کھیلنے والے آسٹریلوی کرکٹرز پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سے دستبردار ہوگئے، آسٹریلوی ٹیم 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے ۔
پیسے کی لالچ یا پھر بھارتی سازش کا کمال ہے، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی دشمن پڑوسی ملک کو ہضم نہ ہوسکی۔ آئی پی ایل کھیلنے والے آسٹریلوی کرکٹرز پاکستان کے خلاف وائٹ بال سیریز سے دستبردار ہوگئے۔ ڈیوڈ وارنر ،گلین میکسویل، مچل سٹارک ون ڈے اور ٹی سیریز میں دستیاب نہیں ہوں گے۔ آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل نے بھی آئی پی ایل کھیلنے کی غرض سے عدم دستیابی ظاہر کی ہے۔
آسٹریلوی سلیکٹر جارج بیلی کا کہنا ہے کہ اگلے ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے سکواڈ کو ترتیب دیا ہے۔
اس سے قبل پاکستان سپر لیگ کھیلنے والے کھلاڑی لیام لیونگسٹن اور ایلکس ہیلز بھی آئی پی ایل میں منتخب ہونے کے بعد سپر لیگ سے دستبردار ہوگئے تھے۔ بھارتی لیگ کا آغاز مارچ کے آخری ہفتے میں ہونے کا امکان ہے۔