پی ایس ایل 7: روئے کا لاٹھی چارج، کوئٹہ کی لاہور کو 7 وکٹ سے شکست

Published On 07 February,2022 06:54 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں جیسن روئے کے لاٹھی چارج کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل 7 کا پہلا مرحلہ آج اختتام کو پہنچ گیا، دوسرا مرحلہ 10 فروری سے لاہور میں شروع ہوگا۔

آج کے میچ کے لئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کے قائد شاہین شاہ آفریدی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اننگز

205رنز ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے جیسن روئے اور احسان علی نے اننگز کا آغاز کیا اور روئے نے آتے ہی لاٹھی چارج کرتے ہوئے صرف 20 گیندوں پر اپنی نصف سنچری سکور کی۔

 

لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا 205 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اوپننگ بلے باز جیسن روئے نے ون مین آرمی کا کردار ادا کرتے ہوئے 8 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 57 گیندوں پر 116 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، احسان علی 7 اور افتخار احمد 3 رنز بناکر پویلین لوٹے، جیمز ونس49 اور محمد نواز25 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، قلندرز کے ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف اور کامران غلام نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز اننگز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کیلئے لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور عبداللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا۔

 قلندرز نے  دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 204 رنز بنائے، فخر زمان نے ایک مرتبہ پھر شاندار اننگز کھیلی اور 3 چھکوں، 3 چوکوں کی مدد سے 45 گیندوں پر سب سے زیادہ 70 رنز بنائے، عبداللہ شفیق 32، کامران غلام 19، محمد حفیظ 8 اور فل سالٹ بھی 8 سکور بناکر پویلین لوٹے جبکہ ہیری بروک 41 اور ڈیوڈ ویزے 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے غلام مدثر نے 2 ، لیوک ووڈ اور افتخار احمد نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سکواڈ

لاہور قلندرز کے خلاف میچ کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ میں کپتان سرفراز احمد، جیمز ونس، احسان علی، جیسن روئے، افتخار احمد، شاہد آفریدی، محمد نواز، لیوک ووڈ، جیمز فالکنر، نسیم شاہ اور غلام مدثر شامل تھے۔

 لاہور قلندرز سکواڈ

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ کیلئے لاہور قلندرز کے سکواڈ میں کپتان شاہین شاہ آفریدی، فخر زمان، عبداللہ شفیق، کامران غلام، محمد حفیظ، فل سالٹ، ہیری بروک، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھے۔