لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے 10 ملازمین کے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لئے فرنچائزز اور پی ایس ایل مینجمنٹ نے بیک اپ پلان تیار کرلیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی اسٹاف میں 5 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جبکہ پانچ گراؤنڈ اسٹاف کے بھی ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، تمام کورونا مثبت کیسز والےافراد کو آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق پی سی بی اسٹاف اور گراؤنڈ اسٹاف کی گزشتہ ہفتےٹیسٹنگ ہوئی تھی، تمام افراد کو ویکسین کے بوسٹرز ڈوز بھی لگوا دیےگئے ہیں،کورونا پروٹوکولز پر سختی سےعمل ہوگا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ بورڈ کی تمام میٹنگز اب ورچوئل ہوں گی۔
بیک اپ پلان کےمطابق جو کھلاڑی ڈرافٹنگ میں پک نہیں ہوسکے فرنچائزز اور مینجمنٹ نے انکو بیک اپ پلیئرز کے طور پر بلاتے ہوئے 15 کھلاڑیوں کی لسٹ فائنل کرلی ہے ۔
کھلاڑیوں میں سعود شکیل، عمیر بن یوسف، عماد عالم، وقاص مقصود، آرش خان ، عماد بٹ،عامر جمال، امام الحق، ناصر نواز، حسان خان ، طیب طاہر، زاہد محمود، عمر صدیق، بسم اللہ خان اور ابرار احمد شامل ہیں ۔
پی ایس ایل کے دوران اگر کسی فرنچائز کے کھلاڑی کو کورونا مثبت آتا ہے تو بیک اپ کھلاڑی فوری ریپلیسمنٹ کے لئے دستیاب ہونگے جبکہ بیک اپ کھلاڑی بھی 20 جنوری کو کراچی میں بائیو ببل کا حصہ بنیں گے ۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا ساتواں ایڈیشن 27 جنوری سے کراچی میں شروع ہوگا۔