لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان کرکٹ کے لیے ایک سے بڑھ کر ایک اچھی خبر آنے لگی ،آسٹریلوی ٹیم کے یہاں آنے کا اعلان ہوتے ہی انگلش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیرسن آج لاہور پہنچیں گے اورچیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات میں اپنی منسوخ سیریز کے آئندہ سال انعقاد کی یقین دہانی کرائیں گے۔
کھلاڑیوں کے بعد انتظامیہ کی بھی ایک سے بڑھ کر ایک بڑی جیت ،پاکستان کرکٹ بورڈ کی کامیاب سفارتکاری کے اثرات ظاہر ہونے لگے اور انگلش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیرسن آج لاہور پہنچیں گے۔
ٹام ہیرسن چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سے ملاقات کریں گے جبکہ ہیرسن گذشتہ ماہ ٹیم کے مختصر دورہ پاکستان کی منسوخی پر معذرت ہی نہیں کریں گے بلکہ آئندہ سال مکمل سیریز کی یقین دہانی بھی کرائیں گے ۔
شیڈول کے مطابق سی ای او انگلش کرکٹ بورڈ ایک روزہ دورہ کے بعد منگل کو ہی دبئی روانہ ہو جائیں گے جہاں انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اجلاس میں شرکت کرنی ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے بغیر کھیلے پاکستان سےوطن واپس جانے پر ای سی بی نے بھی ٹیم کو 2 ٹی 20 میچز کے لیے کراچی روانگی سے روک دیا تھا جس سے کرکٹ شائقین و ماہرین کو شدید جھٹکا لگا تھا جبکہ اسی فیصلے کے آفٹر شاکس میں انگلش کرکٹ بورڈ حکام کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ،یہاں تک کہ چیئرمین این واٹمورعہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔