شعیب اختر سے تلخ کلامی،نعمان نیاز نے معافی مانگ لی

Published On 05 November,2021 06:06 pm

لاہور:(ویب ڈیسک) سرکاری ٹی وی چینل پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کے ساتھ تلخ کلامی کے معاملے پر ڈاکٹر نعمان نیاز نے معافی مانگ لی ہے۔

ایک یوٹیوب چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں پی ٹی وی سپورٹس کے اینکر نعمان نیاز نے شعیب اختر کے ساتھ الجھنے کے معاملے پر کہا کہ وہ ایک نہیں بلکہ لاکھوں دفعہ شعیب اختر سے معافی مانگتے ہیں۔

ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ جو کچھ ہوا اور ان کے غصے پر جو سخت ردعمل سامنے آیا وہ جائز تھا،مجھے کوئی حق نہیں تھا، انسان غلطی کر گزرتا ہے اور اس کے لیے میں ایک دفعہ نہیں بلکہ لاکھوں مرتبہ معافی مانگتا ہوں۔

نعمان نیاز کا مزید کہنا تھا کہ شعیب اختر بھی اس معاملے میں دکھی ہوا یا کسی بات نے اس کے غصے کو ہوا دی، جو بھی کیمرہ پر ہوا وہ غیر مہذب تھا جبکہ میں میزبان تھا اور یہ واقعہ بین الاقوامی سٹارز کی موجودگی میں نہیں ہونا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ والد نے اس واقعے پر کہا کہ مجھے اپنی غلطی کی ذمہ داری اٹھانی چاہیے۔

دوسری جانب سابق کرکٹر شعیب اختر نے کہا کہ انہوں نے ملک کی خاطر نعمان نیاز کو اسی وقت معاف کر دیا تھا اور شو چھوڑ کر آ گئے تھے۔

واضح رہے کہ سرکاری ٹی وی پر نعمان نیاز اور شعیب اختر کے درمیان تلخ کلامی کے معاملے پردونوں کو آف ایئر کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔