بھارت کی شکست،شامی کیخلاف نفرت انگیز مہم،محمد رضوان حمایت میں سامنے آگئے

Published On 26 October,2021 04:25 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)بھارت کے خلاف تاریخی فتح کے ہیرو محمد رضوان بھی انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے نفرت انگیز مہم کا نشانہ بننے والے مسلمان کرکٹر محمد شامی کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں۔

ٹی 20ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کے ہاتھوں شرمناک اور عبرتناک شکست کھانے کے بعد بھارتی انتہا پسندوں کا دماغ سوچنے سمجھنے کی صلاحیتوں سے محروم ہوچکا ہے اور انہوں نے مسلمان کرکٹر محمد شامی کو ہدف تنقید اور نفرت انگیز مہم کا نشانہ بناتےہوئے بھارتی ٹیم سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے اور شامی کو پاکستان کے ہاتھوں شکست کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

اس نفرت انگیز مہم کے بعد جہاں سابق بھارتی کرکٹرز کی جانب سے شامی کی حمایت کی گئی وہیں قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی شامی کی حمایت میں آواز اٹھاتے ہوئے سامنے آگئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر محمد شامی کا پورٹریٹ شیئر کرتے ہوئے محمد رضوان نے لکھا کہ ایک کھلاڑی کو اپنے ملک اور لوگوں کے لیے جس طرح کے دباؤ ، جدوجہد اور قربانیوں سے گزرنا پڑتا ہے اس کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا ۔

بھارت کے خلاف میچ کے ہیرو رضوان نے بھارتیوں کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’محمد شامی ایک سٹار ہے اور دنیا کے بہترین باؤلرز میں سے ایک ہے، اپنے سٹار کی عزت کریں اور قدر کریں۔کرکٹ کے ذریعے لوگوں کو جوڑنا چاہیے نہ کہ تفریق پیدا کی جائے۔‘

واضح رہے کہ پاکستان کے ہاتھوں 29سال بعد ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ شکست کھانے کے بعد بھارتی انتہا پسندوں نے اپنی توپوں کا رخ محمد شامی کی جانب کردیا اور ان کے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مہم کا آغازکیا۔