پی ایس ایل کا التوا، فرنچائز مالکان کے بورڈ سے گلے شکوے

Published On 09 March,2021 11:42 am

لاہور:(روزنامہ دنیا)پی ایس ایل سکس کے ملتوی ہونے کے معاملے پر ہونے والے اجلاس میں فرنچائز مالکان نے شکایات کے انبار لگا دئیے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے فانچائزز مالکان کی شکایات پر یقین دہانی کرائی جبکہ اس معاملے پر ایک اور اہم اجلاس 3 روز بعد ہوگا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دوران اجلاس فرنچائزز نے کہا کہ ہمیں پی ایس ایل سے متعلق منصوبہ بندی میں شامل کیا گیا اور نہ ہی ہم اس سے جڑے فیصلوں میں شریک ہوئے ۔ورچوئل اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی، چیف ایگزیکٹو وسیم خان، سی او او سلمان نصیر، ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد اور فرنچائز مالکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر فرنچائز مالکان نے شکایات کے انبار لگا دئیے اور ساتھ ہی مطالبہ کیا کہ معاملات کا از سر نو جائزہ لیا جائے ۔

چیئرمین احسان مانی نے کہا کہ مستقبل میں شکایت کا موقع نہیں ملے گا جو ہو چکا ہے ویسا نہیں ہو گا۔اجلاس میں پی ایس ایل کے باقی ماندہ میچز کیلئے لاہور اور راولپنڈی کے وینیوز پر بات ہوئی، دورہ جنوبی افریقہ کے ملتوی ہونے کی صورت میں اس ماہ کی آخر کی ونڈو پر بھی بات ہوئی۔اجلاس میں طے پایا کہ اس معاملے پر حتمی بات چیت اگلی میٹنگ میں ہو گی۔