بدھا دور میں کرکٹ یا اس سے مشابہہ کھیل کھیلے جانے کا انکشاف

Last Updated On 06 February,2020 09:51 am

لاہور: (سہیل احمد قیصر سے) کرکٹ جیسا کھیل آج سے ہزاروں سال پہلے کھیلے جانے کے آثار آشکار ہوئے ہیں۔

لاہور کے عجائب گھر میں محفوظ 2 ہزار سال قدیم آرٹ کے ایک نمونے میں بدھوں کے ایک گروہ کو بیٹ اور گیند سے مشابہہ چیزوں کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔

لاہور میوزیم کی گندھارا آرٹ گیلری میں مختلف کھیلوں، رسہ کشی اور گھڑ سواری وغیرہ جیسے کھیلوں کی عکاسی کرتے ہوئے بدھا دور کے آرٹ کے نمونے موجود ہیں۔ بیٹ اور بال تھامے ہوئے بدھوں کے گروہ کو دیکھ کر قیاس کیا جاسکتا ہے کہ شاید اُس دور میں کرکٹ یا اِس سے مشابہہ کوئی کھیل کھیلا جاتا ہوگا۔

اِس حوالے سے لاہور میوزیم کے افسر تعلقات عامہ عاصم رضوان نے بتایا کہ شطرنج اور لڈو جیسے کھیل ہمارے خطے سے متعارف ہوئے، بیٹ بال کیساتھ بدھوں کے ایک گروہ کے آرٹ کے نمونے کو دیکھ کر قیاس کیا جاسکتا ہے کہ بدھا دور میں اگر کرکٹ نہیں تو کم از کم اس سے ملتا جلتا کھیل ضرور کھیلا جاتا رہا ہوگا۔