شہباز شریف نے مریم نواز کو والد کے پاس جانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کر دیا

Last Updated On 05 February,2020 06:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے مریم نواز کو والد کے پاس جانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا زندگی کے مشکل ترین وقت میں مریم نواز سابق وزیراعظم نوازشریف کیلئے غم بانٹنے کا باعث بنیں، انہیں والد کی دیکھ بھال کیلئے آنے کی اجازت نہ دینا افسوسناک ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف ابھی تندرست نہیں اور ان کی صحت غیر مستحکم ہے، مریم نواز کے پاس نہ ہونے پر ماہر امراض قلب کو دوبار کارڈیک کیتھی ٹرائزیشن  کا طے شدہ عمل تبدیل کرنا پڑا۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ عارضہ قلب کی صورتحال سے متعلق جامع عمل لندن کے رائل برومپٹن ہسپتال میں مرتب ہوا، معالجین نے دل کی شریانوں، خون کے بہاؤ میں رکاوٹیں، دل کے بڑے حصے کے شدید متاثر ہونے کا انکشاف کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ جتنا وقت گزر رہا ہے، اتنے ہی طبی عمل کے لئے گنجائش کم ہو رہی ہے، متعدد جان لیوا بیماریوں کے لاحق ہونے سے نواز شریف کی صحت کی صورتحال نازک ہے، ایسے وقت میں مریم نواز کو والد کے پاس ہونا چاہیے، انہیں لندن آنے کی اجازت دی جائے۔