نیوزی لینڈ نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی

Last Updated On 24 June,2019 12:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دینے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ آسٹریلیا دوسرے، بھارت تیسرے اور انگلینڈ چوتھے نمبر پر ہے۔

پاکستان کیلئے اگر مگر کا گھن چکر ہے۔ سیمی فائنل تک رسائی کیلئے تمام میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔

ورلڈ کرکٹ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں، میگا ایونٹ کے 29 میچز مکمل ہو گئے ہیں۔ پوائٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ ویسٹ انڈیز کو شکست دینے کے بعد پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔

کیویز کے گیارہ پوائٹس ہیں، آسٹریلیا دس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بھارت نو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور انگلینڈ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر سری لنکا کا پانچواں، بنگلا دیش کا چھٹا، ویسٹ انڈیز ساتویں، جنوبی افریقا آٹھویں، پاکستان نویں اور افغانستان دسویں نمبر پر ہے۔

بیٹنگ لائن اپ میں ڈیوڈ وارنر 447 رنز کے ساتھ پہلے، شکیب الحسن 425 رنز کے ساتھ دوسرے اور جو روٹ 424 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

باؤلنگ کے شعبے میں مچل سٹارک کا پہلا نمبر ہے، جوفرا آرچر دوسرے اور لیوک فرگیوسن تیسرے نمبر پر ہیں۔

پاکستان کیلئے اگر مگر کے چکر کے باوجود سیمی فائنل تک رسائی کیلئے تمام میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔

اگر آسٹریلیا، انگلینڈ اور بھارت اپنے آنیوالے میچ ہار جائیں تو پاکستان کی اگلے مرحلے میں رسائی آسان ہو سکتی ہے۔

دیکھتے ہیں قسمت کس پر مہربان ہوتی ہے اور کون سیمی فائنل تک پہنچتا ہے؟ اس کا فیصلہ چند روز میں ہو جائے گا۔