لندن: (ویب ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ بیٹسمین اور سابق کپتان سچن ٹنڈولکر کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں اتوار کو ہونے والے پاکستان کیساتھ میچ میں بھارتی بیٹنگ کو فاسٹ باؤلر محمد عامر اور وہاب ریاض کی باؤلنگ سے بچنے کے لیے جارحانہ انداز اپنانا ہوگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سچن ٹنڈولکر کا کہنا تھا کہ فاسٹ باؤلر محمد عامر کیخلاف مثبت انداز میں بیٹنگ کرنا ہو گی کیونکہ وہ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے باؤلر ہیں۔ شروع سے ہی جارحانہ بیٹنگ سے روایتی حریف کی باؤلنگ دبائو میں آ جائے گی۔
میگا ایونٹ کے دوران پاکستان کیخلاف ناقابل شکست رہنے پر ان کا کہنا تھا کہ میچ کو جنگ کی بجائے صرف کھیل سمجھ کر کھیلنا چاہیے، گرین شرٹس کیخلاف کوہلی الیون کو فیورٹ سمجھتا ہوں کیونکہ بھارت کی بیٹنگ کے ساتھ باؤلنگ بھی ورلڈکلاس ہے۔
سچن ٹنڈولکر کا کہنا تھا کہ پاکستان ورلڈ کپ میں تین میچ ہار چکا ہے وہ ضرور بھارت کے خلاف میچ کے دوران سینئر بیٹسمین اور اوپنر روہت شرما اور کپتان ویرات کوہلی کو جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کرے گا تاہم بیٹسمینوں کو سمجھ کر کھیلنا ہو گا۔ ٹیم میں ایم ایس دھونی سے بھی توقعات وابستہ ہیں۔
سابق لیجنڈ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ پاکستانی باؤلنگ میں محمد عامر کے ساتھ وہاب ریاض بھی اچھی گیندیں کر رہے ہیں، دونوں کوہلی اور روہت شرما کو جلد آؤٹ کریں گے لہٰذا میرا مشورہ ہے بھارتی بیٹسمین لمبی اننگز کھیلنے کا عزم لیے میدان میں اتریں۔ زیادہ رنز کرنے کی صورت میں سرفراز الیون دبائو میں آ جائے گی۔