مانچسٹر: بھارت کیخلاف میچ سے قبل ٹیم کی بھرپور تیاریاں جاری

Last Updated On 14 June,2019 11:13 pm

مانچسٹر : (ویب ڈیسک) آسٹریلیا سے میچ ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم نیا عزم لیے بھارتی سورمائوں سے ٹکرانے کی تیاریوں میں لگ گئی، مانچسٹر میں گرین شرٹس نے انڈور ٹریننگ کی اور خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کی۔

قومی ٹیم کے باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے فاسٹ باؤلر محمد عامر، وہاب ریاض، شاہین شاہد آفریدی ، حسن علی کو مفید مشورے دیئے، بیٹنگ میں بھی کھلاڑیوں نے زبردست ٹریننگ کی۔ اس دوران سینئر بیٹسمین محمد حفیظ اور شعیب ملک زیادہ دیر تک ٹریننگ کرتے رہے جنہیں مختلف مشکل گیندیں کرائی گئیں۔ اس دوران پروفیسرز نے چند بڑے شارٹس بھی کھیلے۔

اُدھر امید کی جا رہی ہے کہ کوہلی الیون کے خلاف سرفراز احمد الیون ٹیم میں دو تبدیلیاں کر سکتی ہیں، شاہین شاہ آفریدی کی جگہ شاداب خان کی واپسی ہو گی۔ آصف علی کی ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم مینجمنٹ حارث سہیل کو آزمانا چاہتی ہے تاکہ بیٹنگ کو تقویت مل سکے۔

پاکستان کا مقابلہ بھرپور قوت اور حاضر دماغی سے کریں گے: کوہلی
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ پاکستان کا مقابلہ بھرپور قوت اور حاضر دماغی سے کریں گے۔ ٹیم اپنی بہترین کارکردگی دکھائے گی۔

ایک انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک پلان کے مطابق روایتی حریف کا مقابلہ کریں گے۔ ہم اتنے بڑے میچ میں پرسکون انداز اور اطمینان سے کھیلیں گے۔ ہم گزشتہ میچوں میں مسلسل بہترین پرفارم کر رہےہیں اسی لیے ہم میچ کا پریشر نہیں لے رہے۔ میگا ایونٹ کے دوران دو فتوحات نے بھی ہمارا حوصلہ بڑھایا ہے۔

نیوزی لینڈ کے ساتھ میچ ڈرا ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کوہلی کا کہنا تھا کہ ہم نے قیمتی دو پوائنٹس ضائع کر دیئے کیونکہ بارش نے میچ ہونے نہیں دیا لیکن ماضی کو بھول کر آگے کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہماری منزل فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنا ہے۔

میچ سے قبل ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت عروج پر
دوسری طرف روایتی حریفوں کے درمیان میچ کے لیے ٹکٹوں کی بلیک میں فروخت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ۔پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں اتوار 12 جون کو مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میں مقابلہ کریں گی اس میچ کو دیکھنے کیلئے دونوں ٹیموں کے شائقین ایک بڑی تعداد میں مانچسٹر پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

میچ سے تین دن قبل ٹکٹوں کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے اور جن لوگوں کے پاس ٹکٹس ہیں وہ منہ مانگے دام وصول کر رہے ہیں۔ پولیس اور آئی سی سی کی وارننگ کے باجود ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔

تمام ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں، بلیک مارکیٹ میں 150 پاؤنڈ والا ٹکٹ اڑھائی سے تین ہزار پاؤنڈ میں فروخت ہو رہا ہے لیکن شائقین کے جوش پر بارش پانی پھیر سکتی ہے کیونکہ محکمہ موسمیات کی طرف سے کہا جا رہا ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کے دوران بارش رنگ میں بھنگ ڈال سکتی ہے۔