ورلڈکپ: نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 10 وکٹوں سے پچھاڑ دیا

Last Updated On 03 June,2019 03:15 pm

کارڈیف: (دنیا نیوز) آئی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 10 وکٹوں سے بآسانی ہرا دیا۔ پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا نے 136 رنز بنائے۔ کپتان کرورتنے 52 رنز کیساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ 8 بیٹسمین ڈبل فیگر اننگز نہ کھیل سکے۔ فرگوسن، ہینری نے 3.3 وکٹیں لیں۔ ہدف کے جواب میں نیوزی لینڈ کی طرف سے مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور 137 رنز کا ہدف 16 ویں اوورز میں مکمل کر لیا۔

میچ کی براہ راست اپ ڈیٹس کےلئے لنک کو کلک کریں

سری لنکا کی اننگز۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سری لنکا کے اوپننگ بلے بازوں نے محتاط اندز میں اننگز کا آغاز کیا مگر بڑی پارٹنرشپ لگانے میں ناکام رہے اور صرف 4 کے مجموعی سکور پر پہلی گنوا بیٹھے۔ تھریمانے ہینری کی گیند کا شکار بنے جو صرف ایک چوکے کی مدد سے 4 رنز ہی بنا کر ہمت ہار بیٹھے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد کرورتنے اور پریرا نے ٹیم کی کمان سنبھالی، پریرا نے جارحانہ انداز اپنایا اور 4 چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنائے مگر وہ بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، پریرا بھی ہینری کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد آؤٹ ہونے والے بیٹسمین مینڈس تھے جو بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے، انہیں بھی ہینری نے سلپ پر کیچ آؤٹ کیا۔ ڈی سلوا بھی ٹیم کو زیادہ دیر تک سہارا نہ دے سکے اور 13 گیندوں پر 4 رنز بنا کر فرگوسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔

سینئر بلے باز اینجلو میتھیو بھی مشکل صورتحال میں پریشر میں دکھائی دیئے اور بغیر کوئی رن بنائے گرینڈ ہوم کی گیند کا شکار بنے، اس کے بعد آؤٹ ہونے والے بیٹسمین مینڈس تھے جو صرف ٹیم کے مجموعی سکور میں ایک رنز کا ہی اضافہ کرسکے۔

آل رائونڈر تھسارا پریرا 27 رنز بنا کر سپنر سینٹر کا شکار بن گئے، اس اننگز میں انہوں نے 2 بلند و بالا چھکے لگائے۔ اوڈانا صفر، لکمل 7، مالنکا 1 رنز پر پویلین لوٹے۔ کپتان کرورتنے 52 رنز کیساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے فاسٹ باؤلر فرگوسن، ہینری نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ کی اننگز۔۔۔۔۔۔۔
ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کے خلاف جارحانہ کھیل پیش آغاز کیا، مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے گراؤنڈز کے چاروں طرف شاندار شارٹس کھیلے۔

اوپنر مارٹن گپٹل نے 8 چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 73 رنز بنائے۔ کولن منرونے بھی 58 سکور کیے۔ ان کی اس اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

نیوزی لینڈ نے 137 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 16 ویں اوورز میں مکمل کر لیا۔ سری لنکن باؤلر حریف ٹیم کا ایک بھی کھلاڑی نہ آئوٹ کر سکے۔