ٹرینٹ نے بھارتی بیٹنگ کے ’’بولٹ‘‘ ہلا کر رکھ دیئے، نیوزی لینڈ وارم اپ میچ میں فاتح

Last Updated On 27 May,2019 12:10 pm

لندن: (دنیا نیوز) ٹرینٹ نے بھارتی بیٹنگ کے ’’بولٹ‘‘ ہلا کر رکھ دیئے، فاسٹ باؤلر نے 4 وکٹیں لیکر ٹیم کو ورلڈکپ وارم میچ بآسانی جتوا دیا۔ بھارتی بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ آل رائونڈر جڈیجا کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین کریز پر زیادہ دیر نہ ٹک سکا، لیفٹ ہینڈ بیٹسمین کی 54 رنز کی باری رائیگاں گئی۔ 180 رنز کا ہدف نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 37.1 اوورز میں حاصل کر لیا، کپتان ولیمسن اور روز ٹیلر نے ففٹیز بنائیں۔ کیویز ٹیم نے 6 وکٹوں سے میچ جیتا۔

بھارت کی اننگز
بھارت کی طرف سے شیکھر دھون اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں اوپنر 2.2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، بولٹ نے پویلین کی راہ دکھائی، کوہلی کا جادو بھی نہ چل سکا، صرف 18 رنز پرگرینڈ ہوم کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ لوکیش راہول 6 پر بولڈ کی شاندار گیند پر بولڈ ہو گئے۔

ہردیک پانڈیا اور ایم ایس دھونی نے بیٹنگ کو سہارا دینے کے لیے بیٹنگ کی تاہم وکٹ کیپر بیٹسمین 42 گیندوں پر 17 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ٹم سائوتھی کی گیند پر جیمی نشام نے کیچ کیا۔ آل رائونڈر ہردیک پانڈیا 30 سکور پر جیمی نشام کے ہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے۔

 

کوہلی الیون کی طرف سے جڈیجا نے مزاحمتی اننگز کھیلی اور ٹیم کو سہارا دیا، آل رائونڈرز نے 50 گیندوں پر 54 سکور کی باری کھیلی، دیگر بیٹسمین ڈبل فیگر بھی کراس نہ کر سکے۔ پوری ٹیم 39.2 اوورز میں 179 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جیمی نشام کے حصے میں 3 وکٹیں آئیں، فرگوسن، سائوتھی اور گرینڈ ہوم نے ایک ایک شکار کیے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز
ہدف کے تعاقب میں کیویز کی ٹیم نے سکور با آسانی 37.4 اوورز میں 4 وکٹیں گنوانے کے بعد حاصل کر لیا۔ مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا تاہم بائیں ہاتھ کے بیٹسمین 4 کے سکور پر فاسٹ باؤلر بمرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

گپٹل 22 رنز بنا کر پانڈیا کی گیند پر راہول کو کیچ دے بیٹھے، ون ڈائون بیٹسمین اور کین ولیمسن نے سینئر بیٹسمین روز ٹیلر کے ساتھ مل کر شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا، دونوں نے ففٹیز سکور بنائی، کپتان نے 87 گیندوں پر 67 سکور جبکہ ٹیلر 75 گیندوں پر 71 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔نکولس نے 15 رنز کی باری کھیلی۔

بھارت کی طرف سے بمرا، پانڈیا، چاہل اور رونڈرا جڈیجا نے ایک ایک کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

انگلینڈ بمقابلہ آسٹریلیا

دوسرے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 12 رنز سے ہرا دیا، کینگروز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 297 رنز بنائے۔ سٹیو سمتھ نے شاندار سنچری داغی، انہوں نے 102 گیندوں پر 116 رنز بنائے، وارنر 43، مارش 30، عثمان خواجہ 31 کیساتھ نمایاں رہے۔

انگلینڈ کی طرف سے پلنکٹ نے 4 وکٹیں حاصل کیں، ووڈ، کوران اور ڈاؤسن کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم آخری اوورز میں 285 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، وینس 64 کیساتھ نمایاں رہے، کپتان بٹلر نے 52 سکور کی جارحانہ باری کھیلی۔ جیسن روئے 32، کرس ووکس 40 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

آسٹریلیا کی طرف سے رچرڈسن ، جیسن بہرن ڈورف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، کاؤنٹر لائن، زمپا، لائن اور سٹونز کے حصے نے ایک ایک شکار کیا۔