ورلڈکپ کیلئے انگلش سکواڈ کا اعلان، ڈیوڈ ولی، جو ڈینلی ڈراپ

Last Updated On 23 May,2019 12:32 pm

لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ نے کرکٹ ورلڈکپ کے لیے اپنے بہترین ہتھیار کو ڈراپ کر دیا۔ فاسٹ باؤلر ڈیوڈ ولی کے میگا ایونٹ کھیلنے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔ اسپن آل راونڈر لیام ڈاسن بھی عالمی کپ کھیلتے نظر آئیں گے۔

ڈیوڈ ولی کی جگہ سکواڈ میں جوافر آرچر کو شامل کیا گیا ہے جو 90 میل فی گھنٹہ سے زائد رفتار سے مسلسل گیند کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، انہیں ورلڈکپ کھلانے کے لیے برطانوی قانون میں تبدیلی کرنا پڑی۔ پہلے کسی بھی غیرملکی کو انگلینڈ کی شہریت اختیار کرنے کے 7 سال بعد قومی ٹیم میں شمولیت کی اجازت تھی تاہم اب انگلش کرکٹ کے قانون میں تبدیلی کی بدولت وہ تین سال بعد ٹیم میں منتخب ہو گئے۔

ابتدائی سکواڈ سے فاسٹ باؤلر ڈیوڈ ولی کے ساتھ جو ڈینلی کو بھی ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ ڈوپ ٹیسٹ میں ناکامی کے سبب سکواڈ سے ڈراپ کیے گئے ایلکس ہیلز کی جگہ جیمز ونس سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

ٹیم میں آئن مورگن(کپتان)، جوز بٹلر، جونی بیئراسٹو، جیمز ونس، جیسن روئے، جو روٹ، معین علی، بین اسٹوکس، لیام ڈاسن، کرس ووکس، ٹام کوران، عادل رشید، لیام پلنکٹ، مارک وڈ اور جوفرا آرچر شامل ہیں۔