حکومت ابھرتی ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کو بڑے پیمانے پر اپنانے کیلئے پُر عزم ہے: وزیر خزانہ

Published On 29 November,2024 07:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کو بڑے پیمانے پر اپنانے کیلئے پُر عزم ہے۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت نیکسٹ جنریشن موبائل براڈ بینڈ سروسز کی بہتری بارے اجلاس ہوا، امریکی کنسلٹنٹ فرم نیرا کی جانب سے پاکستان کی مارکیٹ کی جائزہ رپورٹ پیش کی گئی۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی اور پالیسی سفارشات کا جائزہ لیا گیا، آئی ٹی سیکٹر میں اصلاحات اورآئندہ سال اپریل تک کامیاب سپیکٹرم نیلامی کا روڈ میپ بھی پیش کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے ڈیجیٹل اکانومی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل انٹیگریشن ملک کی معاشی تبدیلی کا اہم جزو ہے، حکومت کراس سیکٹر سماجی و اقتصادی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے پُر عزم ہے۔

وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔