ایف بی آر نے جعلی رسیدیں جاری کرنے پر 5 ریسٹورنٹس سیل کردیئے

Published On 21 November,2024 11:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے ذیلی ادارے ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد نے جعلی رسیدیں جاری کرنے پر پانچ ر یسٹورنٹس سیل کردیئے۔

ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد نے کارروائی شہریوں وصارفین کی طرف سے موصول ہونے والی شکایات پر کی گئی کہ یہ ریسٹورنٹس جعلی رسیدیں جاری کررہے ہیں، سیل کیے جانیوالے ریسٹورنٹس کو مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا گیا۔

یہ اقدام فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے ٹیئرونریٹیلرز/ریسٹورنٹس کو پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) انوائسنگ سسٹم کے ذریعے ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کی کوششوں کے تسلسل میں اُٹھایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ایف بی آر نے25 اکتوبر سے پوائنٹ آف سیل انعامی اسکیم شروع کی ہے، پہلے مرحلے میں یہ اسکیم اسلام آباد میں ٹیئر ون کے ریسٹورنٹس کے لیے متعارف کرائی گئی ہے جسے بعد میں تما م ٹیئر کے ریٹیلرز اور پھر اس ماہ کے آخر سے پورے ملک تک توسیع دی جائے گی۔

اس اسکیم کے تحت جو شہری/ صارفین ٹیکس آسان ایپ کے ذریعے جعلی رسیدوں کے بارے میں ایف بی آر کو مطلع کریں گے اُنہیں نقد انعامات دیے جائیں گے، ایک خاص طریقہ کار کے تحت جعلی رسیدوں کی تصدیق کے بعد ایف بی آر جیتنے والے صارفین کے بینک اکاؤنٹس میں نقد انعامات براہ راست منتقل کرے گا۔