پشاور:(دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ ملکی بینک حکومت کے خسارے پورے کررہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹس ’ایکس‘ پر پیغام میں نجی مالیاتی ادارے کے مالی اعداد و شمار پرمزمل اسلم کا وفاقی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صرف 44 فیصد ڈیپازٹس کو قرضوں یا ایڈوانسزکے لیے استعمال کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت 56 فیصد ڈیپازٹس کی رقم حکومتی سکیورٹیزمیں لگا رہی ہے، ملک میں قائم بینک حکومت کے خسارے کو پورا کر رہے ہیں، بدقسمتی سے پاکستان میں مالی شمولیت کا فقدان ہے۔
خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں بینک نجی شعبے کو قرض دینے سے گریزاں ہیں ، وفاقی حکومت کے لیے یہ خود احتسابی کا وقت ہے۔