اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کےسالانہ اجلاس میں شرکت کیلئے معاشی ٹیم کے ہمراہ دورہ امریکا پر جائیں گے۔
آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس 21 سے 26 اکتوبر تک شیڈول ہیں، پاکستان سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خزانہ اور سٹیٹ بینک سربراہان اجلاس میں شریک ہوں گے، وزیر خزانہ محمداورنگزیب معاشی ٹیم کے ہمراہ دورہ امریکہ پر جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق معاشی ٹیم عالمی مالیاتی اداروں کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کرے گی، معاشی ٹیم آئی ایم ایف حکام کے ساتھ ابتدائی جائزہ رپورٹس شیئر کرے گی، دورہ امریکہ میں دیگر ممالک کے وزرائے خزانہ سے سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی ہونگی۔
معاشی ٹیم کی سالانہ اجلاسوں کے موقع پر ایم ڈی آئی ایم ایف سے ملاقات بھی ہوگی، پاکستانی معاشی ٹیم نئے قرض پروگرام کے بعد ملکی معاشی صورتحال سے آئی ایم ایف کو آگاہ کرے گی۔