اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین زھانگ بن (Zhang Bin) کی قیادت میں چینی کمپنی ہینگینگ ٹریڈ کمپنی (Hengeng Trading Company) کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتے ہیں، میرے حالیہ دورہ چین کے دوران پاکستان اور چین کی کمپنیوں کے درمیان بڑے پیمانے پر بزنس ٹو بزنس معاہدے طے پائے جو کہ انتہائی خوش آئند امر ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان زراعت کے شعبے میں چین کی کامیابی سے استفادہ کرنا چاہتا ہے، وزیراعظم نے گوادر پورٹ اتھارٹی کو چینی کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات دینے کی ہدایت کی، وزیراعظم نے گوادر فری زون میں یوٹیلیٹیز کی بلا تعطل فراہمی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وفد کی جانب سے وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ہینگینگ ٹریڈ کمپنی پاکستان میں زراعت، لائیو سٹاک، ادویات اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہے، ہینگینگ ٹریڈ کمپنی 50 ملین ڈالر کی لاگت سے گوادر میں جدید سہولیات سے آراستہ ذبح خانہ (سلاٹر ہاؤس) تعمیر کر رہی ہے۔
وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ سلاٹر ہاؤس کی تکمیل سے پاکستان کے لائیو سٹاک کے شعبے سے چین کو 30 ملین امریکی ڈالرز تک سالانہ کی برآمدات ہوں گی، سلاٹر ہاؤس میں مقامی لوگوں کیلئے ایک ہزار کے قریب نئی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی ترکمان کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت
وفد کی جانب سے شہباز شریف کو بتایا گیا کہ ہینگینگ ٹریڈ کمپنی فارماسیوٹیکل مصنوعات کو گوادر فری زون میں پراسیس کر کے چین کو برآمد کر رہی ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔