اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میردوو نے ملاقات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترکمانستان کے عظیم رہنما گربنگولی بردی محمدوف کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ بردی محمدوف کا پاکستان میں استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔
شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے تیسرے دور کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا، وزیراعظم نے دونوں ممالک کے اداروں کی اس عمل میں باقاعدہ شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی، سرمایہ کاری اور ثقافتی تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی، شہباز شریف نے ترکمان کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے خصوصی کردار پر روشنی ڈالی، شہباز شریف نے علاقائی تعاون اور رابطے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تاپی گیس پائپ لائن اور دیگر منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔