اسلام آباد: (ذیشان یوسفزئی ) ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر شروع ہوتے ہی شہری اور دیہی علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا اور لوڈشیڈنگ کا "جن" بے قابو ہوگیا۔
ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 218 میگا واٹ سے بڑھ گیا، ملک بھر میں بجلی کی طلب 24 ہزار میگاواٹ ہو گئی، تمام ذرائع سے بجلی کی پیداوار 18 ہزار 782 میگاواٹ ہے۔
پن بجلی ذرائع سے بجلی کی پیداوار 5 ہزار5 سو، سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 6 سو میگا واٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں اسی طرح آئی پی پیز سے بجلی کی پیداوار 8 ہزار 2 سو میگاواٹ ہے۔
ونڈ پاور پلانٹس سے 7 سو میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے جبکہ سولر سے 157 میگا واٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ بگاس سے 278 میگاواٹ اور نیوکلیئر پاو پلانٹس سے 3300 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
بجلی طلب بڑھتے ہی ملک کے شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 6 سے 8 گھنٹے کردیا گیا جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو گئی اور کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے۔