پشاور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہماری کسان دوست پالیسی سے 12 ارب روپے پارکو کے بجائے صوبے کے عوام کو ملے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا، اجلاس میں سالانہ بجٹ 2024-25 پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
بجٹ اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ روزگار کی فراہمی اور صوبے کی معاشی ترقی موجودہ حکومت کی ترجیحات ہیں، ہمیں کلاس فورکی بھرتیوں، گلی اور نالیوں کی سیاست سے نکلنا ہوگا،عوام کی قوت خرید بڑھانا اصل ترقی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں صنعتکاری کے فروغ کو اولین ترجیح دی جائے، صنعتکاروں کو سستی بجلی کی فراہمی کے لیے نتیجہ خیز اقدامات اٹھا رہے ہیں، زرعی منصوبوں کے ذریعے فوڈ سکیورٹی یقینی بنا رہے ہیں۔