اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے اجلاس میں تمام صوبوں نے باہمی تعاون کے ساتھ مل کر چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کا اجلاس بہترین ماحول میں ہوا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد ایس آئی ایف سی کا یہ تعارفی اجلاس تھا ہم تعاون کیلئے تیار ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ سرمایہ کاری میں ہمارا حصہ رکھا جائے، جس پر کونسل نے وزیر اعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ انویسٹمنٹ میں ڈیو شیئر ضرور دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ہم ہر طرح سے تعاون کیلئے تیار ہیں، فوکل پرسن تعینات کر دیئے جائیں جو رابطے میں رہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبوں کی صلاحیت میں اضافے کے لیے اقدامات کئے جائیں، ہم کونسل کے ساتھ مل کر چلنے کو تیار ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم پہلے ہی سسٹم کے ساتھ ہم آہنگ اور مکمل تعاون کیلئے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کا مل بیٹھنا وقت کی ضرورت ہے: وزیراعظم
ذرائع کے مطابق ایس آئی ایف سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے 3 اجلاس ہوں گے، ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کی صدارت میں ہوں گے۔
اجلاس کے فیصلوں کو منظوری کیلئے ایپکس کمیٹی میں پیش کیا جائے گا، ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس عید سے قبل ہوگا۔