کراچی: (دنیا نیوز) پی آئی اے فلائٹ کچن کو ٹھیکے پر دینے کیخلاف کراچی میں پی آئی اے ہیڈ آفس میں سی بی اے پیپلزیونٹی نے احتجاج کیا۔
کراچی ہیڈ آفس میں احتجاج کے باعث رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری اطراف میں تعینات کر دی گئی، احتجاجی مظاہرے کی قیادت یونین کے صدر ہدایت اللہ خان نے کی، مظاہرین نے پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
سی بی اے پیپلزیونٹی کے صدر ہدایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے ہمارا گھر ہے، یہ گھر ہے تو ہم ہیں، پی آئی اے پاکستانی قوم کا ادارہ ہے کسی کی جاگیر نہیں، ہمارے احتجاج کے دوران فلائٹ کچن کے دروازے زبردستی بند کر دیئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ دروازے بند کرنے کا مقصد فلائٹس کی تاخیر کا ملبہ یونین پر ڈالنا ہے، ہم صرف احتجاج کر رہے ہیں ہم آپریشن بند کرنا نہیں چاہتے۔