کراچی: (دنیا نیوز) دو دن کی شدید مندی اور پاکستان مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ق اور دیگر اتحادی جماعتوں کی جانب سے مل کر حکومت بنانے کے اعلان کے بعد آج پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران زبردست تیزی کا رجحان ہے، سٹاک مارکیٹ میں 927 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس 62 ہزار 153 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ہے۔
دوسری جانب عام انتخابات کے بعد نئے ہفتے کے پہلے دن بھی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان برقرار رہا۔
گزشتہ روز بھی سرمایہ کاروں کے تذبذب کے باعث مارکیٹ 1878 پوائنٹس کی کمی سے 61 ہزار 65 پر بند ہوئی۔
دن بھر مجموعی طور پر 349 کمپنیوں کے شیئرز میں کاروبار ہوا، 298 کمپنیوں کے شیئرز میں کمی جبکہ 32 کے شیئرز میں اضافہ ہوا۔
گزشتہ روز مارکیٹ کی بلند ترین سطح 62634 جبکہ کم ترین سطح 60647 رہی، مندی کے باعث مارکیٹ میں 2 عشاریہ 98 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
انتخابات سے ایک روز قبل (7 فروری) کو انڈیکس 344.85 پوائنٹس اضافے کے بعد 64 ہزار 143 پر پہنچ گیا تھا جبکہ 6 فروری کو بنچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 796 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا تھا۔