اورنج ٹرین ٹریک کے پلرز اشتہاری مہم کیلئے ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ

Published On 04 May,2023 10:02 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اورنج ٹرین سے ریونیو حاصل کرنے کے لیے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے چوتھی مرتبہ کوششیں شروع کر دیں، اتھارٹی نے اورنج ٹرین ٹریک کے پلرز کو اشتہاری مہم کے لیے ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اورنج ٹرین کو منافع بخش بنانے کے لیے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے جتن جاری ہیں، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے اورنج ٹرین سے ریونیو جنریٹ کرنے کے لیے ٹھیکے الاٹ کرنے کے لیے کوالیفائیڈ فرموں سے ایک بار پھر ٹینڈرز طلب کر لیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: "مہنگائی میں گزارہ نہیں ہو رہا" متعدد ایف بی آر افسران کی کام کرنے سے معذرت

ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے اورنج ٹرین سٹیشن کی اشتہاری مہم سے ریونیو کا تخمینہ لگایا ہے، کنٹریکٹ حاصل کرنیوالی کمپنی کو ہر سہ ماہی پر رقم ادا کرنا ہو گی۔

اورنج ٹرین کا خسارہ کم کرنے کیلئے ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے اورنج ٹرین کی املاک کو بھی آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے آؤٹ سورس ہونیوالی املاک کی نشاندہی کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موبائل فونز اور کاروں پر ریگولیٹری ڈیوٹی 31 مارچ کو ختم ہوگئی: چیئرمین ایف بی آر

ذرائع کے مطابق اورنج ٹرین کے ٹریک کے نیچے 770 پلرز کو اشتہاری مہم کیلئے ٹھیکے پر دیا جائے گا، میٹرو ٹرین سٹیشنز اور ٹرین کے اندر بھی اشتہاری مہم کی اجازت ہو گی۔

ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے املاک کو آؤٹ سورس کرنے کے لیے فرموں سے رواں ماہ 24 مئی تک ٹینڈرز طلب کر لیے ہیں۔