وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی میں گیس کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کروا دیا

Published On 30 March,2023 08:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی میں گیس کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ایک دن میں حل کروا دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کے طلب کردہ ہنگامی اجلاس سے کراچی کے شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ ہو گیا، وزیراعظم کو اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران کراچی میں گیس کے دباؤ میں کمی، تعطل اور لوڈ شیڈنگ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیر اعظم نے سحر و افطار میں شہریوں کو گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام کے دوران گیس فراہمی کیلئے جامع حکمت عملی اپنانی چاہیے تھی، وزیراعظم نے گزشتہ روز پارلیمنٹ میں کراچی میں گیس فراہمی کی شکایات کا سخت نوٹس لیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف کے گزشتہ روز کے احکامات پر ہنگامی طور پر عملدرآمد کیا گیا، اجلاس میں وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ کراچی میں گیس تعطل کا مسئلہ حل کر لیا گیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے گیس فراہمی کے عمل کی مسلسل نگرانی کرنے اور کوئی کوتاہی نہ برتنے کی ہدایت کر دی۔