بلوچستان حکومت کا مستحق خاندانوں کو رمضان میں راشن مفت دینے کا فیصلہ

Published On 24 March,2023 09:16 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) حکومت بلوچستان نے صوبے کے مستحق خاندانوں کو رمضان المبارک کے دوران ایک ماہ کا راشن مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا جس کیلئے تمام اضلاع میں مستحق خاندانوں کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا۔

اس بات کا فیصلہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت اعلیٰ سطح ویڈیو لنک اجلاس میں کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کو ترجیحی بنیادوں پر آٹا اور راشن فراہم کیا جائے۔

اجلاس میں گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ اور بارشوں کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے گیس پریشر میں کمی اور بجلی کی اضافی لوڈ شیڈنگ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کیسکو اور ایس ایس جی سی کو صورتحال کی فوری بہتری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں گیس اور بجلی کی عدم دستیابی ناقابل برداشت ہے، اس معاملے پر ہم وفاقی حکومت سے شدید احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔