کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے زیر صدارت صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے 13 ویں صوبائی اپیکس کمیٹی کے فیصلوں کی منظوری دی۔
وزیراعلیٰ نے منظوری محکمہ داخلہ و قبائلی امور کی ارسال کردہ سمری پر دی، اجلاس میں منظوری دی گئی کہ بیلہ ایکسیڈنٹ میں جاں بحق 43 افراد سے متعلق سی ایم آئی ٹی انکوائری کرے گی، حادثات میں کوتاہی برتنے والے ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس میں طے پایا کہ مسافر بسوں میں پٹرول اور آتش گیر مادے کی ترسیل پر مکمل پابندی ہو گی، غیر ملکیوں کی فول پروف سکیورٹی کے لیے سکیورٹی اداروں کی مربوط کوآرڈی نیشن قائم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سکیورٹی فورسز کا چمن میں آپریشن، اسلحہ و گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ پکڑ لیا
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر ضروری چیک پوسٹوں کے خاتمے کے لئے کمیٹی کا ماہانہ اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا، تمام قیدیوں کی سکیورٹی اور قیدیوں کو تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہو گی، منشیات کی خرید وفروخت کا مکمل تدارک کیا جائے گا۔
ٹریفک کے مسائل کے حل کے لئے ٹریفک انجینئرنگ بیورو کی تجویز پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے سی ٹی ڈی کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔