ایک ہفتے کے دوران سٹاک مارکیٹ میں بڑا اضافہ، روپے کی بے قدری

Published On 31 December,2022 01:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ایک ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک ایکس چینج میں 751 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، دوسری جانب ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی ہوئی۔

کاروباری ہفتے کے دوران سیاسی ہلچل اور معاشی سست روی کے باوجود سٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر مثبت رجحان دیکھنے میں آیا، پانچ کاروباری دنوں میں پاکستان سٹاک ایکس چینج میں 751 پوائنٹس کا اضافے ہوا اور 100 انڈیکس 40 ہزار 420 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جس کے باعث حصص کی مالیت میں 100 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی دیکھنے میں آئی، ایک ہفتے کے دوران انٹربینک میں ڈالر 79 پیسے اضافے سے 226 روپے 43 پیسے پربند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپیہ اضافے سے 235 روپے 50 پیسے پر فروخت ہوا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق سیاسی عدم استحکام، آئی ایم ایف کے معاشی اصلاحات کے نسخے پر عملدرآمد نہ ہونا اور گرتے ہوئے زرمبادلہ ذخائر سٹاک مارکیٹ کے انڈیکس میں گراوٹ اور روپے پر دباو کا باعث بن رہے ہیں۔