حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

Published On 15 November,2022 09:50 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) حکومت نے ایک مرتبہ پھر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔

 

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ آج رات پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کرنا ہوتا ہے تو وزیراعظم شہباز شریف کی اجازت سے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کے کسی بھی ایٹم کی قیمت نہیں بڑھے گی، پٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل اور کیروسین آئل کی قیمتیں برقرار رہیں گی، 16 نومبر سے 30 نومبر تک وہی قیمتیں ہوں گی جو آج نافذالعمل ہیں۔

پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ فی لٹر قیمت

پٹرول کی فی لٹر قیمت 224 روپے 80 پیسے

ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لٹر قیمت 235 روپے 30 پیسے

مٹی کے تیل کی قیمت 191 روپے 83 پیسے

لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 197 روپے 28 پیسے

اس سے قبل 31 اکتوبر کو بھی وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ حکومت نے پیٹرول، ڈیزل، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں رد بدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں اگلے 15 روز کے لیے برقرار رہیں گی۔

یاد رہے کہ 15 اکتوبر کو وفاقی وزیر خزانہ نے پٹرول کی قیمت میں کمی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے 31 اکتوبر تک تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

اسحٰق ڈار نے واشنگٹن سے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ وزرات خزانہ میں اوگرا کی سمری مل چکی ہے اور میرے ساتھ یہاں واشنگٹن میں پہنچائی گئی ہے اور میں نے دیکھا ہے۔ سمری میں ‘پیٹرول میں معمولی کمی جبکہ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے تبادلہ خیال کیا ہے۔مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے چاروں مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے اور 31 اکتوبر 2022 تک یہی قیمتیں جاری و ساری رہیں گی۔