مئی 2022ء: اوورسیز پاکستانیوں نے دو ارب ڈالر سے زائد ترسیلات زر بھیجیں

Published On 10 June,2022 07:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) مئی 2022ء میں بیرون ملک سے پاکستانی کارکنوں کی ترسیلات زر دو ارب ڈالر سے زیادہ رہیں۔

سٹیٹ بینک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا کہ مئی 2022 میں دو ارب 30 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر کی آمد ہوئی۔ اس طرح اوورسیز کارکنوں کی ترسیلات زر نے جون 2020 سے مسلسل 2 ارب ڈالر سے زائد کی سطح پر رہنے کا سلسلہ برقرار رکھا ہے۔

سٹیٹ بینک نے بتایا کہ نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر میں ماہ بہ ماہ بنیاد پر 25.4 فیصد اور سال بہ سال کی بنیاد پر 6.9 فیصد کمی ہوئی، جس سے بڑی حد تک عید کے بعد معمول کے مطابق موسمی کمی اور اس کی طویل چھٹیوں کی عکاسی ہوتی ہے۔

مالی سال 2022 کے ابتدائی 11 مہینوں میں ترسیلات زر 6.3 فیصد (سال بہ سال) نمو کے ساتھ مجموعی طور پر 28.4 ارب ڈالر رہیں۔ مئی 2022ء میں ترسیلات زر کے اہم ذرائع میں سعودی عرب (542 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (435 ملین ڈالر)، برطانیہ (354 ملین ڈالر) اور امریکا (233 ملین ڈالر) شامل ہیں۔