کراچی:(دنیا نیوز) مرکزی بینک کا سربراہ تبدیل، مرتضیٰ سید کو قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کردیا گیا ہے اور وہ جمعرات سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق رضا باقر نے 3 سالہ مدت پوری کر کے عہدہ چھوڑ دیا، حکومت نے مزید توسیع نہ دی، ان کی جگہ ڈاکٹر مرتضیٰ سید جو کہ آئی ایم ایف کا بھرپور تجربہ رکھتے ہیں اور نامور ماہر معاشیات ہیں اب گورنر اسٹیٹ بینک کا عہدہ سنبھالیں گے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کی مدت ملازمت مکمل ہوگئی ہے، قانون کے مطابق نئی تعیناتی تک سینئر ترین ڈپٹی گورنر عہدہ سنبھالیں گے۔
As the term of Governor SBP Dr Reza Baqir has come to an end, as per law the senior most Deputy Governor takes over until. Therefore Dr Murtaza Syed, an eminently qualified economist with rich IMF experience, will take over as Governor SBP. I wish him the best in his new role.
— Miftah Ismail (@MiftahIsmail) May 4, 2022
انہوں نے لکھا کہ مرتضیٰ سید کا آئی ایم ایف کے ساتھ کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے، وہ ایک معروف ماہر معاشیات ہیں جو گورنر اسٹیٹ بینک کا عہدہ سنبھالیں گے۔
گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کی 3 سالہ مدت پوری، حکومت کا توسیع نہ دینے کا فیصلہ
خیال رہے کہ گزشتہ روز حکومت نے گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کو مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا، ان کی 3 سالہ مدت اختتام کو پہنچ گئی۔
اس حوالے سے ذرائع کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ ڈاکٹر رضا باقر کو اسٹیٹ بینک کے گورنر کی حیثیت سے مدت ملازمت میں مزید توسیع نہیں دی جائے گی اور وہ آج عہدہ چھوڑ دیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے لکھا کہ بدھ سے گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر کی تین سالہ معیاد ختم ہو رہی ہے ، ان کی پاکستان کے لیے خدمات کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں، میں نے ان سے بات کی ہے اور انہیں حکومت کے فیصلے کے بارے میں بتایا ہے۔
وزیر خزانہ نے رضا باقر کے بارے لکھا کہ وہ ایک غیر معمولی قابل آدمی ہے اور ہم نے اپنے مختصر وقت میں ساتھ کام کیا، ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔