معاشی ترقی ہدف سے زیادہ، 4.8 فیصد کے مقابلے میں 6 فیصد رہی

Published On 08 June,2022 07:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اقتصادی سروے میں بتایا گیا ہے کہ ملکی معاشی ترقی کی شرح 4.8 فیصد ہدف کے مقابلے میں 6 فیصد ہو گئی۔

قومی اقتصادی سروے کے خدوخال دنیا نیوز کو موصول ہو گئے، جس کے مطابق معاشی ترقی ہدف سے زیادہ رہی، معاشی ترقی کی شرح 4.8 فیصد ہدف کے مقابلے 6 فیصد رہی، مہنگائی کے ہدف سے زیادہ بڑھی، مہنگائی کا 8 فیصد ہدف پورا نہ ہوا۔

اقتصادی سروے کے مطابق مہنگائی کے بڑھنے کی شرح 13 فیصد سے زیادہ ہے، سروے میں زراعت، انڈسٹری اور سروسز سیکٹر کے اہداف حاصل ہیں۔ زراعت میں شرح نمو 4.4 فی صد رہی، صنعت میں شرح نمو 7.2 فیصد رہی، خدمات کے شعبے میں شرح نمو 6.2 فیصد رہی۔

سروے کے مطابق بڑی صنعتوں میں شرح نمو 10.5فیصد رہی، بجلی کی پیداوار اور تقسیم کی شرح نمو 7.9 فیصد رہی، مواصلات اور ٹرانسپورٹ میں ترقی کی شرح 5.4 فیصد رہی، فی کس آمدن کا 2 لاکھ 46 ہزار 414 روپے رہی، گیارہ ماہ میں ملکی برآمدات ریکارڈ 29 ارب ڈالر رہیں، تعلیمی شعبہ میں شرح نمو 8.7 فیصد رہی۔