ن لیگ کو بڑا جھٹکا، دو اہم رہنما پی ٹی آئی میں شامل

Published On 06 June,2022 04:49 pm

لودھراں: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن جہانگیر ترین گروپ کی مسلم لیگ ن سے قربتیں بڑھنے کے باعث لودھراں میں حکومتی جماعت کے لوگ پارٹی چھوڑنے لگے، دو سابق اراکین اسمبلی نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے پیر اقبال شاہ اور سابق ایم پی اے پیر عامر اقبال شاہ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان سے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی۔

اس ملاقات کے دوران ملکی موجودہ سیاسی صورتحال اور بدترین معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے سابق وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور حقیقی آزادی کی جدوجہد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے عزم کا اظہار کیا۔