اسلام آباد:(دنیا نیوز) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جون کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 13 روپے 9 پیسے فی کلو گرام کمی کی گئی، 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 154 روپے 48 پیسے سستا ہوگیا ہے۔
ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جون 2022ء کیلئے ہے، ایک کلوگرام کی نئی قیمت 218 روپے 76 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2581 روپے 35 پیسے مقرر کی گئی، مئی میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 2735 روپے 83 پیسے کا تھا۔
عوام کو ایک اور جھٹکا، بجلی مزید 3 روپے 99 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری
تفصیلات کے مطابق نیپرا میں بجلی کی قیمت میں 4 روپے5 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اپریل کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیلئے درخواست دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ماہ 12 ارب55 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی۔
سی پی پی اے نے مزید کہا کہ بجلی پیدوار کی مجموعی لاگت 133 ارب روپے رہی، ڈیزل سے 27 روپے فی یونٹ، فرنس آئل سے 28، ایل این جی سے 16، کوئلے سے 14 روپے فی یونٹ بجلی پیدا ہوئی، 31 روپے فی یونٹ بجلی لاسز کی نذر ہوگئی۔
نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی جس سے صارفین پر 51 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا جبکہ فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے سوا بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں پر ہوگا۔