دوحا: (دنیا نیوز) قطر میں پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہو گیا۔
دوحا میں عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) سے مذاکرات کیلئے پاکستانی سیکریٹری خزانہ، قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک اور چیئرمین ایف بی آر بھی دوحا میں موجود ہیں۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر مملکت عائشہ غوث پاشا اور دیگر افسران آن لائن مذاکرات میں شریک ہوں گے۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل 24 مئی کو دوحا پہنچیں گے۔
آئی ایم ایف سے ہونے والے مذاکرات میں سیکرٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ پاکستانی وفد کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وفد میں وزارت خزانہ، توانائی، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک نمائندے شریک ہیں۔ تکنیکی مذاکرات کے بعد پالیسی مذاکرات میں وزیر خزانہ بھی شریک ہوں گے۔
مذاکرات کے حوالے سے پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ کامیابی کی صورت میں پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی قسط جاری ہوگی۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے پیٹرول، بجلی اور گیس پر سبسڈی ختم کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی 86 روپے 71 پیسے فی لیٹر تک پہنچ چکی ہے۔
آئی ایم ایف کی جانب سے ٹیکس وصولیوں کا سالانہ ہدف 1100 ارب روپے تک بڑھانے، بجلی اور گیس کے نرخ میں بھی اضافہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔