پاکستان کی معاشی شرح نمو میں کمی کا امکان، 4.3 فیصد رہنے کی توقع

Published On 13 April,2022 10:45 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) رواں مالی سال کے دوران پاکستان کی معاشی شرح نمو میں کمی کا امکان، چار اعشاریہ تین فیصد رہنے کی توقع، موجودہ حالات میں انرجی شعبے کیلئے سبسڈی بڑا چیلنج ہے، عالمی بینک کی ایشیائی ممالک کے حوالے سے رپورٹ جاری۔

عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معاشی شرح نمو 4.3 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، موجود حالات میں پاکستان کیلئے انرجی کے شعبے میں سبسڈی بڑا چیلنج ہے، خطے کی نسبت پاکستان میں انرجی کے شعبے سب سے زیادہ سبسڈی دی جاری ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ اگلے سال پاکستان میں جی ڈی پی گروتھ 4 فیصد ہوسکتی ہے، گزشتہ مالی سال پاکستان کی شرح نمو 5.6 فیصد رہی جبکہ روس یوکرین جنگ کے باعث جنوبی ایشیا میں معاشی شرح نمو سست روی کا شکار ہے، اس سال جنوبی ایشیا میں گروتھ 6.6 فیصد رہنے کی پیشنگوئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت 8 فیصد، بنگلہ دیش 6.4 فیصد اور مالدیپ کی 7.6 فیصد گروتھ رہے گی، نیپال میں شرح نمو 3.7 فیصد، بھوٹان 4.4 فیصد، سری لنکا میں 2.4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔