اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف نے پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان کے 28 فروری کے عوامی ریلیف پیکج پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور یہ مذاکرات 11 (جمعہ) مارچ کو ختم ہونا تھے، تاہم اب مذاکرات کا اگلا دور پیر کو ہوگا۔ ساتویں جائزہ اجلاس کے لیے ورچوئل مذاکرات مکمل نہ ہوسکے کیونکہ آئی ایم ایف نے پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کے 28 فروری کے عوامی ریلیف پیکج پر تحفظات کا اظہار کردیا۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے صنعتوں کی ایمنسٹی اسکیم پر اعتراض اٹھا دیا ہے۔ آئی ایم ایف کو وزیراعظم کے 28 فروری کے ریلیف پیکج پر تحفظات ہیں۔ آئی ایم ایف نے پٹرول سستا کرنے کے فیصلے پر عدم اطمینان ظاہر کیا ہے۔ مذاکرات کے بعد فیصلے ایگزیکٹو بورڈ کے پاس جائیں گے۔ ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد 96 کروڑ ڈالر کی اگلی قسط مل سکتی ہے۔