اسلام آباد: (دنیا نیوز) عوام کے لیے خوشخبری ہے، وفاقی حکومت نے عوام کور یلیف دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خبریں سامنے آئی تھیں کہ پٹرول کی فی لٹر قیمت میں تین روپے پچاس پیسے کمی کا امکان ہے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں پانچ روپے فی لٹر تک کمی کا امکان ہے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت دو روپے فی لٹر کم کرنے کی سفارش کی گئی تھی، مٹی کے تیل کی قیمت میں تین روپے فی لٹر کمی کی تجویز دی گئی تھی۔
تاہم ان تجویز کے برعکس حکومت نے پٹرول 1 روپے 50 پیسے فی لٹر سستا کر دیا جسکے بعد پٹرول کی نئی قیمت 118 روپے 30 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے۔
ہائی سپیڈ ڈیزل بھی 1 روپے 50 پیسے فی لٹر سستا کر دیا گیا جس کے بعد اس کی نئی قیمت 115 روپے 03 پیسے فی لٹر مقررکر دی گئی ہے۔
مٹی کا تیل 1روپے 50 پیسے فی لٹر کم کردیا گیا ، مٹی کاتیل 86 روپے 80 پیسے فی لٹر میں فروخت ہو گا۔
دوسری طرف لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے فی لٹر کمی کی گئی، لائٹ ڈیزل کی قیمت 84 روپے 77 پیسے فی لٹر ہو گئی۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق شروع ہو گیا ہے۔
اُدھر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ستمبر کیلئے ایل پی جی کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے۔
ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 93 پیسے فی کلو گرام اضافہ کر دیا ہے۔ حالیہ اضافے کے بعد ایل پی جی کا 11.8 کلو کا گھریلو سلنڈر 58 روپے 08 پیسے مہنگا ہو گیا ہے۔
اوگرا کی جانب سے ایل پی جی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق ستمبر 2021ء کیلئے ہوگا۔
گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2060 روپے 15 پیسے مقرر اگست میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 2002 روپے 07 پیسے کا تھا۔