کراچی: (دنیا نیوز) صوبائی وزیرماحولیات، جامعات اینڈ بورڈز اسماعیل راہو نے بغیر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے چلنے والی صنعتوں اور دھویں والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات دے دیئے۔
کراچی میں صوبائی وزیر اسماعیل راہو کی صدارت میں اہم اجلاس ہوا جس میں اسماعیل راہو کو افسران کی ماحولیات کے دونوں ذیلی اداروں کی روزمرہ کارکر دگی اور امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دوران اجلاس اسماعیل راہو نے کہا کہ بغیر ٹریٹمینٹ پلانٹ کے چلنے والی صنعتوں اور دھویں والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے، کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام ہسپتالوں کا فضلہ ٹھکانے لگایا جائے جو عمل نہیں کرتے انکےخلاف ایکشن لیں۔
اجلاس میں شریک ڈی جی ماحولیات نے بتایا کہ لیاقت نیشنل، لمس اور جناح ہسپتال کے فضلہ ٹھکانے لگانےکےاپنے پلانٹ ہیں، دیگر ہسپتالوں کا عملہ روزانہ کی بنیاد پر فضلہ ٹھکانے لگانے لیے اٹھاتا ہے، اسماعیل راہو نے احکامات دیئے کہ جن ہسپتالوں میں فضلہ ٹھکانے لگانےکے پلانٹ نہیں ان پر جرمانے عائد کیے جائیں جبکہ ٹریفک پولیس کی مدد سے کراچی میں دھواں چھوڑنےوالی گاڑیوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا بھی حکم دیا۔